• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: ماں اور نانی نے 14 سالہ بچے کو زہر دیکر خودکشی کرلی

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں ماں اور نانی نے 14 سالہ بچے کو زہر دیکر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو کے تاوری کیرے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ماں اور نانی نے مبینہ طور پر 14 سالہ لڑکے کو زہر دے کر خود بھی جان دے دی۔

ہلاک ہونے والوں  میں 14 سالہ مونیش، اس کی 38 سالہ والدہ سدھا اور 68 سالہ نانی مداما شامل ہیں۔ ابتدائی شبہ ہے کہ دونوں خواتین نے پہلے بچے کو زہر دیا اور پھر خود بھی اسی زہر کا استعمال کیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ خاندان شدید مالی دباؤ اور قرض میں ڈوبا ہوا تھا، جس کے سبب انہوں نے انتہائی قدم اٹھایا۔

سدھا اور مداما قبل ازیں ایک چھوٹا ہوٹل چلاتی تھیں جہاں بریانی فروخت کرتی تھیں، مگر نقصان کے بعد انہوں نے چپس اور دودھ فروخت کرنا شروع کیا اور پھر گھریلو ملازمتیں کرنے لگیں۔ معاشی حالات مسلسل بگڑتے گئے۔

رپورٹ کے مطابق  متاثرہ خاندان کا تعلق تامل ناڈو سے ہے اور وہ ایک روز قبل دھرم پوری کے ایک مندر سے واپس آئے تھے، 14 سالہ مونیش کرسٹ اسکول میں ساتویں جماعت کا طالب علم تھا۔ سدھا کئی سال قبل اپنے شوہر سے الگ ہو چکی تھیں اور بیٹے کے ہمراہ اپنی والدہ کے ساتھ رہتی تھیں۔

پڑوسیوں نے گھر میں بے ہوش افراد دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے  موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید