بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناسک میں خاتون نے سسرالیوں کے ظلم سے تنگ آکر شادی کے 6 ماہ بعد خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 27 سالہ نیہا، جس کی شادی کی تقریبات ایک مہینے تک جاری رہی تھیں، اس نے رخصت ہونے کے 6 ماہ کے اندر زہر کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے نیہا کے شوہر اور اس کے خاندان کے چار افراد کو گرفتار کر لیا۔
خاتون نے خودکشی سے قبل ایک نوٹ لکھا اور اس کی تصویر اپنے بھائی کو واٹس ایپ کی تھی۔
نوٹ میں نیہا نے الزام لگایا کہ اس کا شوہر، ساس اور نندیں اس پر مسلسل تشدد کرتے رہے اور شادی سے پہلے شوہر نے اس کے کردار پر بھی شک کیا گیا جبکہ اس کے سسرالیوں نے مختلف قسم کے میڈیکل ٹیسٹ کروانے کیلئے زبردستی مجبور بھی کیا۔
بہن کی جانب سے نوٹ موصول ہونے کے بعد بھائی موقع پر پہنچا، لیکن اسے بے ہوش پایا۔ بعد میں اسے نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں دوران علاج اس کی موت ہو گئی۔
اس کے بعد نیہا کے رشتہ دار پنچواتی پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نیہا کے شوہر سنتوش پنڈت پوار، ساس ججابائی پوار و دیگر افراد کو گرفتار کر لیا۔