وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نیب کے ذریعے سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی، مالی بد عنوانی کے خاتمے کے لیے نیب کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے وزیر ِاعظم ہاؤس میں تقریب ہوئی جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نیب کی کامیاب کارروائیوں پر چیئرمین نیب اور تمام ٹیم خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ شفافیت سے کام جاری رکھنے کے لیے نیب کو مکمل ادارہ جاتی آزادی حاصل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان مالیاتی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اقدامات کو مزید منظم انداز میں جاری رکھے گا، پاکستانی نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ، پُرامن، خوش حال اور ترقی یافتہ مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ مالی بدعنوانی سے پاک معاشرہ ہی ملکی ترقی، خوش حالی اور عوامی اعتماد کو یقینی بناتا ہے، حکومتی منصوبوں میں مالی، انتظامی اور ادارہ جاتی شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔