• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بذریعہ کے فور کراچی کو روز 260 ملین گیلن پانی فراہم ہو گا: وزیرِ اعلیٰ سندھ

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ—فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ—فائل فوٹو

کراچی میں پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا۔

ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، کراچی میں پائیدار پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کے فور پروجیکٹ کے ذریعے کراچی کو روز 260 ملین گیلن پانی فراہم ہو گا۔

اجلاس میں کے فور توسیع، 260 ایم جی ڈی بلک واٹر سپلائی، کلری بگیار فیڈر کی لائننگ اور حب ڈیم منصوبوں کاجائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کے فور پروجیکٹ پر کام 2020ء سے واپڈا کے زیرِ انتظام جاری ہے، ایڈوانس پریشرائزڈ پائپ لائن سسٹم سے کراچی کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کا منصوبہ ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کے فور منصوبے کی مکمل فعالیت کے لیے بجلی سپلائی کے طریقہ کار کی تکمیل ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی کے اندر کے فور توسیع کا کام جاری ہے، یونیورسٹی روڈ پر پائپ بچھانے کا کام تیز رفتاری سے کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کو نئے بلک واٹر کو موجودہ تقسیم نیٹ ورک میں شامل کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ آر ون سے ضلع شرقی اور غربی کو بھی فوری سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ گُلشنِ معمار کی 66 انچ لائن اور پرانے سسٹم آر ٹو کے ذریعے مستحکم کیے جائیں گے۔

وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت کی کہ محدود تعمیراتی ونڈو میں وسائل کو متحرک کیا جائے، کوٹری بیراج دسمبر میں بند ہوتا ہے، منصوبے کی تکمیل میں اہم سنگِ میل ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے حب ڈیم کی دیکھ بھال کے لیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی، انہوں نے آر بی او ڈی ڈرینج سسٹم کی فوری بحالی پر بھی زور دیا۔

وزیرِ اعلیٰ نے واپڈا اور سندھ ایریگیشن کے درمیان مربوط نقطۂ نظر کی ہدایت بھی کی۔

قومی خبریں سے مزید