پولینڈ کے ایوانِ زیریں کی راہداری میں سینیٹر کی ایک خاتون صحافی سے بدسلوکی اور مائیک ہٹانے کی کوشش پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔
یہ واقعہ 11 دسمبر کو اُس وقت پیش آیا جب ٹی وی پی انفو کی صحافی جسٹینا ڈوبروش اوراش نے قانون و انصاف پارٹی کے سینیٹر ووئیچیخ اسکورکیویچ سے یوکرین جنگ کے ممکنہ امن مذاکرات میں پولینڈ کے کردار سے متعلق سوالات کیے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گفتگو کے دوران اسکورکیویچ اچانک صحافی کی گردن کے قریب ہاتھ بڑھاتے ہوئے ان کے مائیک کو بند کرنے یا ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں اور کہتے ہیں میں آپ کا مائیک بند کر رہا ہوں۔
اس حرکت پر خاتون صحافی فوراً پیچھے ہٹتی ہیں اور کہتی ہیں براہِ مہربانی مجھے ہاتھ نہ لگائیں۔
سینیٹر غصے میں جواب دیتے ہیں بالکل، میں آپ سے اسے بند کرنے کا ہی کہہ رہا ہوں۔
صحافی نے مزید کہا کہ براہِ مہربانی میری حرمت کی خلاف ورزی نہ کریں اور پھر وہ سینیٹر کو چھوڑ کر وہاں سے چلی گئیں۔
یہ واقعہ پولینڈ میں میڈیا اور سیاستدانوں کے درمیان حدود و ضوابط پر نئی بحث کا سبب بن گیا ہے، سینیٹر کے اس جارحانہ اقدام نے ناصرف صحافتی آزادی پر سوالات کھڑے کیے ہیں بلکہ عوامی سطح پر غم و غصے کو بھی بھڑکا دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اس رویّے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صحافیوں کے ساتھ غیرمہذب اور دھمکانے والے سلوک کی مثال ہے۔