بھارت میں شادیوں کا سیزن ایک بار پھر زوروں پر ہے، اس بار روایتی بالی ووڈ گانوں پر انٹری دینے کا رجحان پیچھے رہ گیا ہے، کیونکہ ایک دولہا کی پروفیشنل امریکی ریسلر جان سینا کے اسٹائل کی انٹری نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ممبئی کے ایک دولہا کو شیروانی پہن کر جان سینا کے مشہور اینٹرس میوزک دی ٹائم از ناؤ پر انٹری دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے روایتی انداز کی جھلک بھی نمایاں ہے، جہاں دولہا کے دوست اور گھر والے دونوں جانب کھڑے ہو کر اسے خوش آمدید کہتے ہیں، ڈبلیو ڈبلیو ای کے مداح اس ویڈیو کو دیکھ کر خاصے خوش نظر آتے ہیں۔
دولہا کے دوستوں اور گھر والوں نے اسے ہائی فائیو دی، حوصلہ بڑھایا اور خوب شور مچایا، جس سے انٹری مزید یادگار بن گئی۔
ویڈیو میں دولہا نے جان سینا کا روایتی سیلوٹ بھی کیا، مشہور You Can’t See Me جیسچر بھی پرفارم کیا اور جوش و جذبے کے ساتھ اسٹیج کی طرف بڑھا۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے تعریفوں کے ڈھیر لگا دیے، صارفین نے اسے سب سے بہترین انٹری قرار دیا۔