بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق خالدہ ضیا سانس کی تکلیف کے ساتھ اضافی طبی پیچیدگیوں میں مبتلا ہیں۔
اس حوالے سے میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ خالدہ ضیا کے نظام تنفس، دیگر اعضا کو سپورٹ فراہم کرنے کے لئے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔
بنگلادیشی میڈیا نے کہا کہ 80 سالہ خالدہ ضیا دل اور پھیپھڑوں میں انفیکشن کی شکایت پر 23 نومبر سے اسپتال میں ہیں۔ ان کے دل میں مستقل پیس میکر نصب ہے اور وہ پہلے بھی اسٹنٹس لگوا چکی ہیں۔
مئی میں لندن سے علاج کروا کر وطن واپسی کے بعد سے خالدہ ضیاء ایورکیئر اسپتال میں باقاعدہ طبی معائنوں سے گزر رہی ہیں۔ ان کے اہلِ خانہ، بشمول طارق رحمان اور زبیدہ رحمان، ڈاکٹرز سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کی تازہ ترین صحت کی صورتحال سے آگاہ رہتے ہیں۔