پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فضائی ای چالان کا آغاز کر دیا گیا، کراچی میں ڈرونز کے ذریعے 2 گاڑیوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کر دیے گئے۔
ملکی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کراچی میں ٹریفک پولیس نے ڈرون سرویلنس کے ذریعے ای چالان کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اب ڈرونز کے ذریعے ای چالان ہوں گے۔
ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائٹیشن سسٹم کے ڈرونز نے صدر کے مختلف علاقوں میں خفیہ گشت کیا، غلط پارکنگ کرنے پر 2 گاڑیوں پر بھاری جرمانے کیے گئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ غلط پارکنگ کرنے پر ڈرونز کے ذریعے ای چالان کا آغاز کر دیا گیا ہے، گزشتہ روز 2 گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ غلط پارکنگ پر صدر زیب النسا اسٹریٹ پر دونوں گاڑیوں کے فیس لیس ٹکٹ جاری کیے، دونوں گاڑی کے مالکان کو 10، 10 ہزار کے ای چالان جاری کیے گئے۔
پیر محمد شاہ نے کہا کہ ای چالان شام کے پیک ٹائم میں کیے گئے، خصوصی ٹیم ڈرون کے ذریعے مختلف علاقوں کی مانیٹرنگ کرے گی، جان بوجھ کر غلط پارکنگ کرنے والوں کو فوری ای چالان جاری ہوگا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابتداً صدر موبائل مارکیٹ سے عبداللّٰہ ہارون روڈ تک ڈرون سے کور کیا جارہا ہے، صدر کی اہم سڑکوں پر ڈرون کے ذریعے نظر رکھی جائے گی اور پھر اس کا دائرہ کار پورے کراچی میں پھیلایا جائے گا۔