کراچی (نیوز ڈیسک)غزہ میں اسرائیلی حملوں اور طوفان سے صورتحال سنگین، 14افراد جاں بحق، 13پہلے سے نقصان زدہ گھر گر گئے،27ہزار خیمے ڈوب گئے ، طوفان اور بارش سے بچنے کیلئے ہزاروں فلسطینی دوبارہ پناہ گاہوں میں منتقل، مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپے، متعدد افراد زیر حراست، لبنان میں حزب اللہ مراکز پر اسرائیلی فضائی حملوں میں متعدد کمپاؤنڈ اور انفراسٹرکچر نشانہ بنے۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں شدید انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں طوفان ، اسرائیلی حملوں اور بنیادی امداد کی کمی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ غزہ میں کم از کم 14 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں تین بچے ہائپوتھرمیا کا شکار تھے، جبکہ کم از کم 13 وہ گھر بھی گر گئے جو پہلے اسرائیلی حملوں میں تباہ ہو چکے تھے۔ شہری دفاع اور ایمرجنسی عملہ محدود وسائل کے ساتھ ملبے تلے امداد فراہم کر رہا ہے۔