بلوچستان کے گورنر جعفر مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین آج زندگی کے ہر شعبہ میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ لڑکیوں نے مستقبل میں صرف کچن نہیں بلکہ ملک کا مستقبل سنبھالنا ہے۔
جعفرخان مندوخیل نے کانووکیشن سے خطاب کے دوران کہا کہ تعلیم ہی کے ذریعے کوئی معاشرہ ترقی کی جانب گامزن ہو سکتا ہے، ماضی میں بلوچستان میں لڑکیوں کو صرف میٹرک تک پڑھایا جاتا تھا۔ میں بچیوں سے کہتا ہوں کہ تعلیم حاصل کریں، ماضی میں ضلع ژوب میں صرف ایک ہائی اسکول تھا، آج وہاں 40 ہائی اسکولز ہیں۔
گورنر بلوچستان نے گورنمنٹ گرلز کالج کی طالبات کے لیے 2 نئی بسز اور ایک کوسٹر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا وقت کا فائدہ صرف تعلیم ہی کے ذریعہ ممکن ہے، اس میں طالبات کا کلیدی کردار ہے۔
جعفر مندوخیل نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کی طالبات میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بلوچستان میں تعلیم کے معیار کی بہتری ضروری ہے تاکہ مقامی طالبات کو صوبہ میں اچھے تعلیمی مواقع میسر ہوں۔