• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ورلڈ بک فیئر 18 دسمبر سے ایکسپو سینٹر میں شروع ہو گا

—تصویر بشکریہ رپورٹر
—تصویر بشکریہ رپورٹر

علم و ادب کے فروغ اور کتاب دوستی کے جذبے کو تازہ کرنے کے لیے پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن (PPBA) کے زیرِ اہتمام 5 روزہ کراچی ورلڈ بک فیئر 2025ء کا جمعرات 18 دسمبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں اپنی شاندار روایات کے ساتھ آغاز ہو رہا ہے۔

یہ عالمی کتب میلہ ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں علم، تحقیق اور فکری تبادلے کا ایک بڑا مرکز بننے جا رہا ہے۔

عالمی ادبی میلے میں پاکستان کے 140 نامور پبلشرز اور کتب فروشوں کے علاوہ دنیا کے 17 ممالک سے تعلق رکھنے والے 40 غیر ملکی نمائش کنندگان شرکت کریں گے، جو اپنے اپنے ملکوں کی نمائندہ علمی، تحقیقی اور ادبی تخلیقات شائقینِ کتاب کے سامنے پیش کریں گے۔ 

سندھ کے وزیرِ تعلیم سید سردار علی شاہ کتب میلے کا افتتاح بطور مہمانِ خصوصی کریں گے، جس سے اس ایونٹ کی علمی اور سرکاری اہمیت مزید اجاگر ہوتی ہے۔

کراچی ورلڈ بک فیئر روزانہ صبح 10 سے رات 9 بجے تک جاری رہے گا، جبکہ یہ میلہ کراچی ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 1، 2 اور 3 میں منعقد کیا جائے گا۔

اس سال کتب میلے میں 325 سے زائد اسٹالز لگائے جائیں گے اور اندازہ ہے کہ 5 لاکھ سے زائد شائقینِ کتب اس علمی و ادبی جشن میں شرکت کریں گے۔

پیر کے روز کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر کراچی ورلڈ بک فیئر وقار متین خان نے پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران نورانی کے ہمراہ بتایا کہ ترکیہ، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات سمیت کئی دیگر ممالک کے پبلشرز کی شرکت نے کراچی ورلڈ بک فیئر کو پاکستان کا سب سے بڑا اور باوقار ادبی ایونٹ بنا دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ میلہ ناصرف کتابوں کی نمائش بلکہ علم و تہذیب کے عالمی مکالمے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

وقار متین خان نے کہا کہ کراچی ورلڈ بک فیئر ملکی و غیر ملکی پبلشرز، کتب فروشوں، لائبریرینز اور ادارہ جاتی خریداروں کو ایک ہی چھت تلے اکٹھا کرتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس میلے کے ذریعے قارئین کو قومی و بین الاقوامی معیار کی بہترین اور نایاب کتابوں تک براہِ راست رسائی حاصل ہو گی، جبکہ مصنفین کو پبلشرز سے ملاقات اور اپنی تخلیقات متعارف کرانے کا موقع بھی ملے گا۔

پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران نورانی نے اس موقع پر کہا کہ اس سال کا کراچی ورلڈ بک فیئر کئی حوالوں سے منفرد اور یادگار ثابت ہو گا، کیونکہ بین الاقوامی بک فیئرز کے ساتھ پیشہ ورانہ تعاون اور تجربات کے تبادلے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میلے کے دوران معروف مصنفین کی کتابوں کی رونمائی، بک لانچنگ تقریبات، ادبی نشستیں اور مکالمے منعقد کیے جائیں گے، بچوں کی دلچسپی اور تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے ڈرائنگ، تقریری مقابلے، ذہنی آزمائش اور دیگر تعلیمی و تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ نئی نسل کو کتاب اور مطالعے سے جوڑا جا سکے۔

پریس کانفرنس میں ڈپٹی کنوینر سید ناصر، نائب چیئرمین ندیم مظہر، احسن جعفری، محمد اقبال غازیانی، اقبال صالح محمد، ندیم اختر، سلیم عبدالحسین، حوریٰ نورانی، ارسلان متین خان، راشد الحق اور شیخ جمال الدین بھی موجود تھے، جنہوں نے کراچی ورلڈ بک فیئر کو علم و ادب کے فروغ کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا۔

قومی خبریں سے مزید