سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) ملکے کلاں کے رہائشیوں نے کچہری چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔احتجاجی مظاہرین نے ڈی سی او سیالکوٹ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں 700کے قریب طلبہ زیر تعلیم ہیں لیکن سکول کی دیوار کے ساتھ سے گزرنے والے نالہ بھیڈ کے 200فٹ نالہ کو پختہ کرنے کے فنڈز جاری ہونے کے باوجود آج تک ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ تین سا ل کے عرصہ میں ایم پی اے منشاءاللہ بٹ سمیت سابق ڈی سی او ڈاکٹر رضوان بیگ،سابق ڈی سی او شیر دل ،سابق ڈی سی او سلیم گوندل سمیت موجودہ ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے متعدد بار موقع کا دورہ کیا لیکن سکول کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے کوئی عملی اقدامات کرنے کی بجائے منصوبے کو کینسل کردیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سکول کی دیوار کے ساتھ سے گزرنے والے نالہ بھیڈ کی وجہ سکول کی بلڈنگ گرنے والی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت سکول میں ایک سائنس لیبارٹری روم کو تعمیر کیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکول میں فرش اور بلڈنگ بنانے کے منصوبے کو ٹھیکیدار ادھورا چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سکول کے کمروں کو تعمیر کیا جائے اور نالہ بھیڈ کو پختہ کیا جائے۔