ملتان(سٹاف رپورٹر)ویمن یونیورسٹی شعبۂ ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام “ڈیجیٹل ایج میں سیکھنے پر پہلی بین الاقوامی کثیرالثباتی کانفرنس،مستقبل کیلئے جنریشن Z کی تیاری” اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کے دوران ڈیجیٹل دور میں تعلیمی چیلنجز، جدید تدریسی طریقۂ کار اور جنریشن زیڈ کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے سے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیاکانفرنس میں62 تحقیقی خلاصے پیش کیے گئے جن میں7 بین الاقوامی اور9 ملکی مقررین نے اہم علمی خطاب کیانورا دھا شاستری ( انڈیا) کہا کہ ڈیجیٹل تعلیم میں جدید حکمت عملی اور تکنیکی مہارتوں کا امتزاج طلبہ کی تخلیقی اور تنقیدی سوچ کو فروغ دیتا ہے۔ جبکہ ڈاکٹر خالد اور ڈاکٹر بلال انور نے کانفرنس کے دوسرے روز طلبہ اور اساتذہ کو تعلیمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور تحقیق پر مبنی تدریسی حکمت عملی کے حوالے سے اپنی بصیرت سے روشناس کروایا اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان، پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ایج نے سیکھنے کے روایتی تصورات کو بدل کر رکھ دیا ہے ۔کانفرنس کی چیف آرگنائزر، رجسٹرار ویمن یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر ثمینہ اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس بین الاقوامی کانفرنس کا مقصد تعلیمی ماہرین، اساتذہ اور محققین کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں وہ ڈیجیٹل لرننگ، جدید تدریسی حکمت عملیوں اور مستقبل کی تعلیمی ضروریات پر مشترکہ لائحہ عمل مرتب کر سکیں۔