• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مبینہ جعلی ڈگری کیس: جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکمنامہ وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

جسٹس طارق جہانگیری نے مبینہ جعلی ڈگری میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکمنامہ وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا۔

جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 9 دسمبر کے 2 رکنی بینچ کے خلاف آئینی عدالت میں اپیل دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست قابل سماعت نہیں۔

جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میرے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی رٹ کو خارج کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈگری تنازع کیس میں جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے بینچ پر اٹھائے گئے دونوں اعتراضات مسترد کر دیے گئے تھے اور رجسٹرار کراچی یونیورسٹی کو ایل ایل بی ڈگری کا اوریجنل ریکارڈ لے کر 18 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری ڈگری تنازع کیس کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ جسٹس جہانگیری کے چیف جسٹس پر تعصب کے اعتراض کی کوئی قانونی بنیاد نہیں۔

تحریری حکمنامے کے مطابق ہائی کورٹ کے ایک جج کی ڈگری سے متعلق سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، معاملے کی حساسیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے انتظامی اختیار کے تحت 2 رکنی بینچ تشکیل دیا گیا، بینچز کی تشکیل ویسے بھی چیف جسٹس ہائی کورٹ کا صوابدیدی اختیار ہے، ایسے حساس معاملے پر سماعت کے لیے ڈویژن بینچ کی تشکیل کوئی پہلی مثال نہیں ہے۔

قومی خبریں سے مزید