بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کے امتحانات میں مسلم مخالف مظالم سے متعلق متنازع سوال پرچے کا حصہ بننے لگے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جے ایم آئی کے ایک پروفیسر کو امتحانی پرچے میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کے حوالے سے سوال شامل کرنے پر معطل کر دیا گیا۔
یونیورسٹی حکام کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی اے (آنرز) سوشل ورک کے پہلے سمسٹر کے امتحان میں بھارت میں سماجی مسائل کے عنوان سے دیے گئے اس پرچے میں پروفیسر وریندر بالاجی شاہرے نے 15 نمبر کا ایک سوال شامل کیا تھا جس میں طلبہ سے کہا گیا تھا کہ ’بھارت میں مسلم اقلیت کے خلاف ہونے والے مظالم پر مناسب مثالوں کے ساتھ بحث کریں‘۔
شکایات سامنے آنے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے اس معاملے کو اساتذہ کی جانب سے غفلت اور لاپرواہی قرار دیتے ہوئے سنجیدگی سے لینے کا فیصلہ کیا۔
یونیورسٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق اس معاملے کی جانچ کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کی رپورٹ آنے تک متعلقہ پروفیسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق یہ اقدام تعلیمی ذمہ داری اور ادارہ جاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔