• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل، بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج ملک میں داخل ہوگا جس سے ملک بھر کے کئی مقامات پر بارشیں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کوئٹہ اور گردونواح میں 29 سے 31 دسمبر کے دوران بارش اور برفباری متوقع ہے۔ زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللّٰہ میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

قلات، برخان، سبی اور لورالائی میں وقفے وقفے سے بارش ہوگی، موسیٰ خیل، خضدار، واشک اور خاران میں خراب موسم متوقع ہے جبکہ تربت، گوادر، جیوانی اور لسبیلہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

کراچی اور حیدرآباد میں ہلکی بارش کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے کراچی اور حیدرآباد میں کل ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ دادو، جیکب آباد اور کشمور میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاڑکانہ، ٹھٹھہ اور بدین کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

مری اور گلیات میں برفباری کا امکان

مری اور گلیات میں 30 دسمبر سے 2 جنوری تک برفباری کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 31 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران بارشیں ہوسکتی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا امکان ہے، سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر اور سوات کے بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، شانگلہ، کوہستان اور بٹگرام میں درمیانی سے شدید برفباری ہو سکتی ہے۔

مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں سردی بڑھے گی

مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش اور سردی بڑھے گی۔ بونیر، باجوڑ اور مہمند میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ وزیرستان کے مختلف علاقوں میں خراب موسم رہنے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں بارش اور درمیانی برفباری ہوگی، دیامر، استور، غذر اور اسکردو میں برفباری کا امکان ہے۔ ہنزہ، گلگت، شگر اور گانچھے متاثر رہیں گے۔

کشمیر میں بارش اور برفباری متوقع 

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے، نیلم ویلی اور مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ناران، کاغان، سوات، دیر، کوہستان اور مری میں سفر مشکل رہنے کا امکان ہے۔ استور، ہنزہ، اسکردو اور گلگت کے علاقوں میں بھی شدید سردی متوقع ہے۔

قومی خبریں سے مزید