کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر جامعہ کراچی کے سامنے نازیبا حرکت کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر شہری کی جانب سے نازیبا حرکت کی ویڈیو وائرل ہوئی جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
یونیورسٹی روڈ پر ایک شخص کی جانب سے گاڑی میں نازیبا حرکت کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جو یکم جنوری کو بنائی گئی تھی۔
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے یونیورسٹی روڈ پر ایک شخص کی جانب سے گاڑی میں فحش حرکت کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا۔
مذکورہ ویڈیو ایک خاتون نے کراچی یونیورسٹی کے سامنے اپنے موبائل فون سے یکم جنوری کو بنائی تھی جس میں گاڑی کے اندر موجود شخص فحش حرکات کرتے ہوئے دکھائی دیا تھا اور خاتون کی جانب سے اوباش شخص کو فوری گرفتار کرنے کا بھی مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
پولیس نے جدید تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کرلیا، جو گلستان جوہر کا رہائشی ہے اور شادی شدہ ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلی سندھ نے کراچی پولیس کی کارروائی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے شاباش دی ہے اور کہا کہ بچیوں اور خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، خواتین کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔