• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضیٰ وہاب نے کریم آباد انڈر پاس پر کام میں تاخیر پر معذرت کرلی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کریم آباد انڈر پاس کے کام میں تاخیر پر معذرت کرلی۔

میئر کراچی نے اسٹریٹ لائٹس کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کریم آباد انڈر پاس کے کام میں تاخیر ہوئی ہے جس پر وہ معذرت چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈر پاس کا کام تیزی سے جاری ہے ، مخالفین کام کرکے بات کریں کام کیے بغیر بات نہ کریں ۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ 2026ءکا ایک اور کام پیپلزپارٹی کے منشور کے تحت کیاگیا ہے،کے ایم سی نے کراچی کے لیےاہم سنگ میل عبور کیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پہلی بار روایتی لائٹس کی جگہ سولر پاور اسٹریٹ لائٹس پر منتقل ہوئے ہیں، پہلے فیز میں شارع فیصل سےایئر پورٹ تک سولر پاور پر منتقل کیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ شارع ایران اور شارع غالب کو بھی سولر پاور پر منتقل کیا گیا ہے، ایئر پورٹ تک تمام لائٹس سولر ہیں، جن پر1 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائٹس خراب ہونے کی صورت میں کنٹریکٹر کو تلاش کیا جا رہا ہوتا ہے، کنٹریکٹ میں شامل کیا ہےجس کمپنی نے سولر لائٹس لگائیں، وہی اگلے 5 سال تک گارنٹی دے گی۔

میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی سولر پاور لائٹس کے ذریعے سالانہ ڈھائی کروڑ روپے محفوظ کرے گی، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اسٹریٹ لائٹس بند نہیں ہوں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کلین اور گرین انرجی کی جانب پیشرفت کررہی ہے، کے ایم سی کی عمارت کو بھی سولر لائٹس پر منتقل کیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگلے فیز میں مائی کلاچی، سر شاہ سلیمان روڈ کی اسٹریٹ لائٹس کو بھی سولر پر منتقل کریں گے، نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھ رہے ہیں اور منصوبے مکمل بھی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے جو وعدے کیے ہیں، انہیں پورا کریں گے، پیپلزپارٹی کی سوچ کے مطابق دلوں کو جوڑیں گے، ٹارگٹ یہ ہے کہ سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ کریم آباد انڈر پاس کی تکمیل کے لیے30 ستمبر کی تاریخ دی تھی، انڈر پاس کا کام تیزی سے جاری ہے، اس کام میں تاخیر ہوئی، خود انجینئر نہیں ہوں کبھی کبھی تاخیر ہوتی ہے،جس پر معذرت چاہتا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں کہتاہوں 1 ارب سولر لائٹس پر خرچ کیے جماعت اسلامی نے کتنی رقم خرچ کی، سندھ کی خاص بات ہے دلوں کو جوڑتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ فائبر کے ڈھکن کی کوالٹی کو چیک کیا جا رہا ہے، اگر فائبر کے ڈھکن کامیاب ہوگئے تو پورے شہر میں ڈھکن لگائیں گے، یوسی کو ایک لاکھ روپےاضافی اس لیے دے رہے ہیں تاکہ وہ پیسا استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر میں تمام یوسی چیئرمین کو بلاتفریق رقم فراہم کی گئی ہے، کام کریں تاکہ بنیادی مسائل حل ہوسکیں۔

قومی خبریں سے مزید