سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی سمیت گردو نواح کے علاقوں میں سردی اور دھند پڑنے کا سلسلہ بدستور جاری ہےجس کے مواصلات کے نظام پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مسافر ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے کے نتیجے میں مسافروں کو انتظار کی تکلیف دہ اذیت سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ ملک بھر کی طرح سکھر، روہڑی، صالح پٹ کندھرا، سنگرار، علی واہن، کندھرا، اروڑ، بچل شاہ میانی، باگڑجی سمیت گردو نواح کے علاقوں میں صبح کے وقت شدید دھند پڑ رہی ہے۔ دھند کے نتیجے میں قومی شاہراہ پر حد نگاہ انتہائی کم رہی جس کے باعث متعدد مسافر گاڑیوں کے ڈرائیورز نے حادثات سے بچنے کیلئے گاڑیاں چلانے سے گریز کیا۔ دھند کی وجہ سے مواصلات بالخصوص ریلوے کے نظام پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں سے آنے اور جانیوالی مسافر ٹرینیں اپنے مقررہ وقت سے کئی کئی گھنٹے تاخیر سے اسٹیشنوں پر پہنچ رہی ہیںجس کی وجہ سے ٹرینوں میں سفر کرنیوالے مسافروں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ متعدد میدانی علاقوں میں انتہائی شدید دھند چھائی رہی جبکہ شہری علاقوں میں سورج نکلنے کے بعد دھند کا زور ٹوٹنا شروع ہوا۔ دھند کی وجہ سے علی الصبح بیرون شہر جانیوالے مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اسکولزو کالجز جانیوالے طلبہ و طالبات بھی مشکلات سے دوچار نظر آئے۔