دادو (نامہ نگار‘ جاوید ناریجو) جامشورو‘ایم نائن موٹر وے پر نوری آباد کے قریب مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد لمس ہسپتال جامشورو منتقل کیا گیا، تاہم منتقلی کے دوران 2مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں رحیم یار خان کا رہائشی 45 سالہ آصف شامل ہے جبکہ دوسرے متوفی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔جاں بحق افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں مزید تین مسافروں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ پنجاب سے کراچی جا رہی تھی۔