پاکستانی شہری سے پسند کی شادی کرنے والی بھارتی خاتون کو تکنیکی مسائل کے باعث آج بھارت روانہ نہ کیا جاسکا۔
سربجیت کور کو واہگہ بارڈر پر پریڈ کے بعد واپس بھارت روانہ کیا جانا تھا، تاہم سفری کاغذات میں کچھ تکنیکی مسائل کے باعث اس کی واپسی ممکن نہ ہوسکی، امکان ہے کہ سربجیت کور کو اب6 جنوری کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی خاتون سربجیت کور کو دارالامان پہنچا دیا گیا، اسے بھارتی حکام کے حوالے کرنے سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
48 سالہ سربجیت سنگھ کور 4 نومبر کو بھارت سے سکھ یاتریوں کے ہمراہ پاکستان آئی تھی جس نے مبینہ طور پر اسلام قبول کر کے شیخوپورہ کے رہائشی ناصر حسین سے پسند کی شادی کرلی تھی۔
اسلام قبول کرنے کے بعد سربجیت کور کا نام نور فاطمہ رکھا گیا تھا اور انہوں نے واپس بھارت جانے کے بجائے پاکستان میں ہی قیام کرلیا تھا۔
سربجیت سنگھ کور کا 2016 میں سوشل میڈیا کے ذریعے ناصرحسین سے رابطہ ہوا تھا۔