• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی لاہور، کراچی، اسلام آباد ایئر پورٹس آؤٹ سورس کرنے کی منظوری

وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت سینیٹ کی ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے بتایا کہ یہ ہوائی اڈے منافع بخش ہیں مگر سروس کا معیار مطلوبہ سطح پر نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آؤٹ سورسنگ کے بعد ماہر نجی کمپنیاں خدمات فراہم کریں گی، بے شک یہ کمپنیاں غیر ملکی ہوں مگر ہم چاہتے کہ لیڈ پاکستانی کریں۔

سیکریٹری دفاع نے بریفنگ میں بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کی گئی ہے، بنیادی مسئلہ طیاروں اور وسائل کی کمی ہے، اس وقت پی آئی اے کے پاس 17 سے 18 طیارے ہیں جو ہفتہ وار 490 پروازیں کر رہے ہیں، یو کے اور یورپ کے روٹس مکمل طور پر کھلے ہیں۔

دوران اجلاس کمیٹی نے چترال کےلیے بھی پروازیں بحال کرنے کی سفارش کی گئی، اس پر سیکریٹری دفاع نے بتایا کہ نجکاری کے بعد قومی ایئر لائن میں 15 ماہ میں 125 ارب روپے ڈالے جائیں گے، یہ رقم خریدار قانونی طور پر ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چترال کا روٹ نقصان میں ہونے کی وجہ سے بند کردیا تھا، کنسورشیم کو سفارش کریں گے کہ چھوٹے جہازوں سے ایسے روٹس بحال کریں۔

سیکریٹری دفاع نے یہ بھی کہا کہ دنیا کے سو بڑے پہاڑوں میں 62 پاکستان کے پاس ہیں، پاکستان میں ہائیکنگ کے لیے پورے سال صرف 15 ہزار اور نیپال میں 15 لاکھ افراد آتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ چترال میں بھی ایسا ہو سکتا ہے

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب سے برادرانہ تعلقات ہیں، مگر سعودی عرب میں ایک کمپنی نے پاکستانی ورکرز کے پاسپورٹ ضبط کر رکھے ہیں، تقریباً 1200 افراد کو 1 سال سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، سیکریٹری دفاع نے مذکورہ کمپنی کی تفصیلات حاصل کر لیں۔

سینیٹر عمر فاروق نے شکایت کی کہ ڈی ایچ اے زمین نام کرالیتا ہے مگر بعد میں ادائیگیاں اور پلاٹس نہیں ملتے، سیکریٹری دفاع نے کہا کہ اس حوالے سے تفصیلات دے دیں، معاملہ دیکھ لیتے ہیں۔

کمیٹی کو بتایا گیا ایک نئی ساؤتھ ائیر نامی فضائی کمپنی آ رہی ہے، جو شمالی بلوچستان پر فوکس کرے گی، جون 2026ء تک اس کے بیڑے میں 5 سے 6 اے ٹی آر طیارے شامل ہو جائیں۔

چیئرمین کمیٹی نے افغانستان کی صورتحال اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کا ایجنڈا ان کیمرا قرار دے دیا۔

قومی خبریں سے مزید