کوئٹہ ( این این آئی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی شیخ رشید نے کہاہے کہ وزیر اعظم کے اردگرد مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے جن میں محمود خان اچکزئی ، مولانا فضل الرحمان ، آفتاب شیر پاؤ اور چند ایک سیاستدان شامل ہے۔ موجودہ حکومت کرپٹ نا اہل حکومت ہے میرے دورے کا مقصد بلوچستان کے عوام کیساتھ ان کے غم میں برابر کا شریک ہونا ہے، سانحہ سول ہسپتال کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، محمود خان اچکزئی نے سانحہ سول اسپتال کے بارے میں جو بیان دیا ہے اس سے یہ بات بالکل واضح ہوگئی ہے کہ وہ انڈیا اور ’را‘ کے ایجنٹ اور مفاد پرست ہیں ۔انہوں نے یہ بات منگل کے روز سانحہ سول اسپتال کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے 13اگست کو جو ریلی راولپنڈی سے نکالنے کا اعلان کیا تھا وہ پروگرام کے مطابق نکالی جائیگی جبکہ 16اگست کو عمران خان نے جو تحریک شروع کی تھی اسکے پروگرام میں معمولی سی تبدیلی کی گئی اب وہ 20اگست کو شروع کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج نے جو رول ادا کیا ہے وہ قابل تعریف ہے میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ موجود حکومت اور اس کے اتحادی جس لوٹ مار میں مصروف ہے ان کو اس کا احساب دینا ہوگا ۔ کیونکہ وزیر اعظم اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ پاناما لیکس کا سامنا نہیں کرسکتے انہیں پتہ ہے انہوں نے کرپشن کی ہے اور جب احتساب ہوگا۔ تو وہ نا اہل ہوجا ئینگے۔ انہوںنے کہاکہ سانحہ سول اسپتال دراصل پاکستان کیخلا ف ایک اعلان جنگ ہے ہم اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔