خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں میں 11 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ
ضلع کرم میں پولیس اورسیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی میں 5 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ خوارج دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے کہا کہ غیرملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کے پی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر افسران و جوانوں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان، پولیس کے جوان شب و روز ملک دشمن عناصر کے خلاف برسر پیکار ہیں، ہمارے بہادر و فرض شناس افسران و جوانوں کے ہوتے ہوئے دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرآت نہیں کر سکتا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ارض وطن کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیرداخلہ کا کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں فتنہ الخوارج کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم کی حمایت سے خوارجیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔