• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ پر اسرائیلی حملے، بمباری، جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی، 3 فلسطینی شہید

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی حملے، بمباری، جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی، کم از کم تین فلسطینی شہید، حملے رفح اور خان یونس، زیتون، طفاح اور دیگر محلوں میں کیے گئے، فلسطینی شخص کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب اسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔ البریج پناہ گزین کیمپ، جبالیہ اور بیت لاہیا میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کی، بحری جہازوں نے ساحلی علاقوں کو نشانہ بنایا، ڈرونز بھی مسلسل منڈلا رہے ہیں، دوسری جانب انسانی بحران بھی مزید سنگین ہوگیا، اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث خوراک، خیموں، موبائل گھروں اور تعمیراتی سامان کی آمد محدود، شدید سردی سے نومولود بچہ دم توڑ گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی افواج کے رات گئے حملوں کے نتیجے میں کم از کم تین فلسطینی شہید جبکہ نو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق یہ حملے اسرائیل اور حماس کے درمیان اکتوبر میں طے پانے والی نازک جنگ بندی کی تازہ خلاف ورزی ہیں۔ حملے رفح اور خان یونس (جنوبی غزہ)، غزہ سٹی کے جنوب مشرقی علاقے زیتون، طفاح اور دیگر محلوں میں کیے گئے۔ ایک واقعے میں اسرائیلی کواڈ کاپٹر ڈرون نے خان یونس میں ایک فلسطینی شخص کو اس وقت نشانہ بنایا جب اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔ فلسطینی خبر رساں ادارے وفا نے تصدیق کی ہے کہ زیتون کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ توپ خانے سے شدید گولہ باری بھی کی گئی۔ مرکزی غزہ کے البریج پناہ گزین کیمپ، شمالی غزہ کے جبالیہ اور بیت لاہیا میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کی، جبکہ اسرائیلی بحری جہازوں نے ساحلی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ غزہ سٹی سے الجزیرہ کے نمائندے طارق ابو عزوم کے مطابق اسرائیلی ڈرونز مسلسل شہر کے اوپر منڈلا رہے ہیں اور کئی علاقوں میں جنگ بندی کی متفقہ حد، یعنی " ییلو لائن"، سے آگے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ طارق ابو عزوم کا کہنا ہے کہ رفح، خان یونس کے مشرقی حصوں اور جبالیہ کیمپ میں بڑے پیمانے پر عمارتوں کو مسمار کیا جا رہا ہے ۔

دنیا بھر سے سے مزید