سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا حکومتی اتحاد میں رہنا پاکستان کے مفاد میں ہے۔
اسلام آباد میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت نے آرڈیننس کے معاملے پر ہمارے واک آؤٹ کا نوٹس لیا، یہ اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد میں مکمل یکجہتی کی فضا ہے، یہ یکجہتی پاکستان کے مفاد میں ہے، پیپلز پارٹی کا حکومتی اتحاد میں رہنا پاکستان کے مفاد میں ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا معاملہ حل ہوجائے گا، ہمارا قائد حزب اختلاف نہیں ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا کابینہ ارکان کو کابینہ میں شرکت یقینی بنانے کا حکم درست ہے، کابینہ اجلاس اہم ہوتا ہے، ہر ممبر کو لازمی شرکت کرنی چاہیے۔