سی ٹی ڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں کارروائی کرتے ہوئے 3 مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان نے کہا کہ ہلاک دہشت گرد پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے 3 کلاشنکوف، 9 میگزین اور 2 دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے قوم بہادر فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔
محسن نقوی نے سی ٹی ڈی کے جوانوں کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی نے 3 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قیام امن کے لیے سی ٹی ڈی سمیت تمام فورسز کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔