راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ضلع کچہری راولپنڈی و جوڈیشل کمپلیکس کی ابتر سکیورٹی صورتحال پر اجلاس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہادر علی خان کی زیر صدارت ہوا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سردار بلال قیوم نے کہا کہ ضلع کچہری راولپنڈی کی ناقص سکیورٹی اور سکیورٹی کے نامکمل انتظامات کے حوالے سے وزارت داخلہ اور ڈی سی او راولپنڈی کو متعدد بار خط لکھا گیا لیکن 6واک تھرو گیٹس اور 22سی سی ٹی وی کیمرے منظوری کے باوجود تاحال نصب نہیں کئے گئے۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شوکت رئوف صدیقی نے کہا کہ ضلع کچہری اور جوڈیشل کمپلیکس کی سکیورٹی پر کم از کم بیس اہلکار فوری تعینات کئے جائیں۔ ڈی سی او طلعت گوندل اور سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی نے یقین دہانی کروائی کہ ضلع کچہری اور جوڈیشل کمپلیکس کی سکیورٹی کے بہتر انتظامات، واک تھرو کیٹس اور کیمروں کی تنصیب کا کام 14اگست سے قبل مکمل کر دیا جائیگا۔ سیشن جج راولپنڈی بہادر خان نے سکیورٹی کے پیش نظر ڈسٹرکٹ کورٹس راولپنڈی کی حدود میں ریڑھی بانوں کے داخلے پر فوری طور پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے ہر قسم کے اقدامات کئے جائینگے۔ شوکت رئوف صدیقی نے کہا کہ راولپنڈی سے تحریک کا آغاز کر رہے ہی بھر میں موجود بارز کی سکیورٹی کو یقینی بنانے تک جاری رہے گی۔