سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ بائیکیا والوں پر اور دکانداروں پر 20،20 ہزار روپے جرمانے کیے جارہے ہیں۔
راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آدھا شہر انہوں نے جرمانوں کے عوض سیل کیا ہوا ہے۔ آٹا مہنگا ہو رہا ہے، یہ تندور والوں کو پکڑ کے جرمانے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹا سستا کریں، مہنگائی کم کریں اور جرمانوں کو ختم کیا جائے، ہاتھ جوڑ کر اپیل ہے جیلوں میں پڑے لوگوں کی اپیلیں سنی جائیں۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔
آج شیخ رشید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تھے، عدالت نے حاضری کے بعد ملزمان کو جانے کی اجازت دے دی۔