کراچی میں ٹریفک پولیس کے ای چالان میں خامیوں کا سلسلہ رک نہ سکا، 29 اکتوبر 2025 کو جاری ہونے والا ای چالان تاحال شہری کے گھر نہیں پہنچا۔
گزشتہ سال 29 اکتوبر کو جاری ای چالان تا حال شہری کے گھر ہی نہیں پہنچ سکا، شہری کا کہنا ہے کہ چالان اوور اسپیڈ پر 10 ہزار روپے کا بلوچ کالونی پل پر کیا گیا، میں نے ایپلیکیشن پر چیک کیا تو 29 اکتوبر کا چالان موجود تھا۔
شہری کا کہنا ہے کہ مجھ سے ٹریفک پولیس نے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا، میں نے از خود ہی ایپ سے چالان چیک کیا تو یہ انکشاف ہوا، اوور اسپیڈ پر چالان کیا گیا مگر 29 اکتوبر کو اسپیڈ لمٹ کے بورڈ بھی آویزاں نہیں تھے۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ چالان بروقت نہ ملنے پر پہلا چالان معاف کروانے کی سہولت سے بھی فائدہ نہیں اٹھا سکا، واقعے کو تقریباً تین ماہ گزر گئے، چالان جمع کروانے کا وقت بھی گزر گیا، چالان جمع نہ ہونے پر ڈرائیونگ لائسنس پر ڈی میرٹ پوائنٹس بھی آگئے۔