کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واٹر ٹینکر نے 5 سالہ بچے کی جان لے لی، واقعے کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن کے رانا گراؤنڈ کے قریب گھر کے باہر 5 سالہ بچہ کھیل رہا تھا کہ وہ واٹر ٹینکر کی زد میں آگیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے فوری بعد ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ علاقہ مکینوں نے ریسکیو حکام کی مدد سے بچے کی لاش پہلے اتحاد ٹائون تھانے اور اس کے بعد سول اسپتال منتقل کی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بچے کا والد وفاقی ادارے کا ملازم ہے جبکہ وہ واقعے کے ذمے دار ڈرائیور کو بھی جانتا ہے۔
ابتدائی طور پر اس نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ بچے کی تدفین کے بعد قانونی کارروائی کے لیے پولیس سے رابطہ کرے گا، اہل خانہ نے سول اسپتال میں بھی میڈیا سے بات چیت سے گریز کیا۔
رواں برس کے ابتدائی 16 روز کے دوران صرف ہیوی ٹریفک سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 تک جاپہنچی جبکہ مجموعی طور پر اب تک 44 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔