کراچی میں گل پلازا آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور کئی خاندانوں کے اجڑ جانے پر صدر آل پاکستان انجمن تاجران سندھ جاوید قریشی نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جاوید قریشی نے کہا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ حکومتی غفلت اور ناقص فائر سیفٹی نظام کی ناکامی ہے، کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود سو سے زائد تاجروں کو گل پلازا میں پھنسے رہنا پڑا، جبکہ فائر بریگیڈ کی تاخیر اور پانی کی کمی نے جانی نقصان میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد صرف اعداد نہیں بلکہ وہ اپنے خاندانوں کا سہارا تھے اور اربوں روپے کی محنت لمحوں میں راکھ بن گئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اتنے بڑے انسانی المیے کے باوجود وزیراعلیٰ سندھ موقع پر نہیں پہنچے، جبکہ میئر کراچی کی عدم موجودگی حکومتی بے حسی کو ظاہر کرتی ہے۔
جاوید قریشی نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں اور تاجروں کو فوری انصاف اور ریلیف فراہم کیا جائے، آل پاکستان انجمن تاجران سندھ ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔