پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر قرۃ العین مری ایوان بالا میں تقاریر میں وقت کی حد متعین کرنے کے حوالے سے سینیٹ رولز میں ترمیم اجلاس میں پیش کریں گی ۔
ترمیم تجویز کی گئی ہے کہ قائد ایوان ، قائد حزب اختلاف یا وزیر 20 منٹ جبکہ ارکان 10 منٹ تقریر کر سکیں گے، سینٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
ترمیم میں کہا گیا ہے کہ ایوان کی مرضی سے چیئرمین سینٹ میں تقریروں کے وقت کی حد مقرر کر سکتا ہے، قائد ایوان، قائد اختلاف اور وزیر 20 منٹ تک بول سکتے ہیں، کسی اور رکن کی تقریر 10 منٹ سے زیادہ کی نہیں ہوگی۔
تحریک التوا پر محرک، قائد ایوان، قائد حزب اختلاف یا وزیر 20 منٹ تک بول سکیں گے، موجودہ رولز کے مطابق چیئرمین اپنی مرضی سے یا ایوان کی رائے کے مطابق تقریروں کی ٹائم لمٹ طے کرتا ہے۔
قائد ایوان یا قائد حزب اختلاف کو لامحدود وقت کے لیے بات کرنے کی اجازت ہوتی ہے ۔
چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد یہ قرارداد پر کوئی شخص 10 منٹ سے زیادہ نہیں بات کرے گا جبکہ عدم اعتماد کی قرارداد پیش کرنے والا 20 منٹ تک بول سکے گا، جس چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین کے خلاف قرارداد پیش کی گئی ہے وہ بھی 20 منٹ بول سکے گا۔
اگر کسی رکن کو کوئی معزوری ہے، بیماری ہے یا کوئی ایسا مسئلہ ہے جس سے وہ حرکت نہیں کر سکتے تو انہیں بیٹھ کر بات کرنے کی اجازت ہوگی۔