وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی سطح پر قدم رکھنے کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں انڈس آرٹیفیشل ٹیکنالوجی ویک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈس اے آئی ویک ایونٹ ملک کے ٹیکنالوجیکل منظر نامے کو بدل دے گا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایونٹ عالمی سطح پر پاکستان کو ایک مضبوط پارٹنر کے طور پر سامنے لائے گا، پاکستان مشترکہ راہ پر عزم اور جوش کے ساتھ قدم بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں پہلا سیف سٹی منصوبہ اور پہلی آئی ٹی یونیورسٹی بھی قائم کی گئی ہے، لینڈ ریکارڈ میں اصلاحات سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ زمین کے ریکارڈ کی شفافیت کو یقینی بنایا گیا، ای اسٹامپ پیپر کا اجراء کر کے آمدن میں اضافہ کیا گیا، پاکستان کی 24 کروڑ آبادی میں 60 فیصد نوجوان ہیں۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب میں نے آئی ٹی کے شعبے پر توجہ دی، نوجوانوں کو جدید علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے، اے آئی کے فوائد اور چیلنجز دونوں ہیں۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جدید اسکینرز اور آلات پورٹس پر نصب کیے گئے ہیں۔