• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گل پلازہ میں آگ لگنے سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیا ہے، کمشنر کراچی

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں آگ لگنے سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیا گیا ہے۔ 

میڈیا سے گفتگو میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا اب تک واقعے سے متعلق جمع کیے گئے ڈیٹا کا جائزہ لیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق اموات کی تعداد 26 ہوچکی ہے، تحقیقاتی کمیٹی آج ہی بنائی گئی ہے۔ ڈی این اے اور مسنگ پرسنز پر کام جاری ہے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ کچھ روز میں حقائق اور وجوہات سامنے آجائیں گی، ضلعی انتظامیہ اس وقت ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہے۔ کسی بھی قسم کا مجرمانہ فعل یا غفلت ثابت ہوئی تو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ 

انھوں نے کہا کہ گل پلازہ میں ہائی فلیم ایبل سامان موجود تھا، آگ کی شدت بھی بہت زیادہ تھی۔ 

دوسری جانب کراچی کے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی جبکہ 71 تاحال لاپتہ ہیں، رات سے اب تک 20 لاشیں نکالی گئی ہیں، جن میں سے 18 کی شناخت ہوگئی۔

آگ سے متاثرہ عمارت کا ایک اور حصہ گرگیا، آگ پر 33 گھنٹوں بعد قابو پایا گيا، کولنگ کا عمل ابھی جاری ہے۔

آگ بجھنے کا سنتے ہی اپنے پیاروں کی تلاش کے منتظر خستہ حال عمارت کے اندر دوڑ پڑے، زندگی کی تلاش کی امید ابھی باقی ہے، ملبا ہٹانے کا کام بھی اب تیز ہونے لگا۔

لاپتا 29 افراد کی موبائل لوکیشن گل پلازہ کے اطراف کی آرہی ہے، لاپتا افراد کے لواحقین کو سول اسپتال میں اپنا ڈیٹا اورڈی این اے نمونے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آگ لگنے کے بعد اسپتال لائے گئے زخمی تمام 30 افراد کو اسپتالوں سے ڈسچارج کردیا گیا۔

عمارت میں آگ لگنے کی سی سی ٹی وی وڈیو بھی سامنے آگئی، وڈیو میں آگ لگنے کا وقت رات 10 بج کر 22 منٹ ہے، آگ کے باعث گل پلازہ کے ساتھ والی عمارت بھی متاثر ہوگئی، پلرز ٹیڑھے ہوگئے۔

سانحہ گل پلازہ پر کراچی میں تاجروں کی اپیل پر آج بازار بند رہے، سندھ بار کونسل نے یوم سیاہ منایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ فارنزک ڈی این اے لیبارٹری جامعہ کراچی کو سانحہ گل پلازا کی لاشوں کےنمونے موصول ہوگئے ہیں، آگ سے جلنے والی 6 لاشوں کے نمونےجامعہ کراچی لیبارٹری کو بھجوائےگئے ہیں، لاشوں کے ساتھ 10 ریفرنسز موصول ہوئے ہیں، موصول ہونے والی لاشوں کے سیمپل سے شناخت میں وقت لگےگا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ناقابل شناخت 6 لاشیں ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ منتقل کی گئی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید