میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حکومت گل پلازا کے متاثرہ تاجروں کو متبادل جگہ فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ فائرفاٹنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کولنگ کے عمل میں آگ بھڑک اٹھتی ہے،ریسکیو کا کام چل رہا ہے،تین جگہوں سے گل پلازامیں داخل ہورہےہیں۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ ہمیں 65 افراد کے لاپتا ہونے کی تفصیلات ملی ہیں، جاں بحق 18 افراد کی شناخت ہوچکی ہے، کمشنر کراچی کی سربراہی میں انکوائری کی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 1،1 کروڑ روپے دیے جائیں گے، گل پلازا واقعے میں تاجروں کے مالی نقصان کے ازالے کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ کمیٹی میں کراچی چیمبر کے نمائندے، وبائی وزیر ناصر شاہ، کمشنر کراچی اور میں شامل ہیں، متاثرہ تاجروں کو کیا مناسب معاوضہ فراہم کرنا چاہیے وہ کمیٹی حکومت کو سفارش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ تاجروں کو فوری طورپر متبادل جگہ فراہم کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، کمشنر کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی تحقیقات کر کے ذمہ داروں سے متعلق آگاہ کرے گی۔
میئر کراچی نے کہا کہ 1998ء میں گل پلازاکی تعمیر کا نقشہ منظور ہوا، جس میں بےضابطگیاں ہوئیں، اس وقت کی حکومت نے 1021 دکانوں کو ریگولرائز کیا، اب بتایا گیا ہے کہ گل پلازا میں 1200 دکانیں تھیں۔