• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں مبینہ جعلی پولیس مقابلوں کیخلاف درخواست پر سماعت

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب میں مبینہ جعلی پولیس مقابلوں کیخلاف درخواست پر سماعت کے موقع پر پنجاب پولیس اور قومی تحفظ کمیشن برائے انسانی حقوق نے جواب لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔

جسٹس عبہر گل نے میاں داؤد ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء کی درخواست پرسماعت کی۔

اس موقع پر درخواستگزار کا کہنا تھا کہ ابھی تمام فریقین کا جواب عدالتی ریکارڈ پر نہیں، جن فریقین کے جوابات آئے ہیں انہیں پڑھنے اور عدالت کی معاونت کیلئے وقت درکار ہے۔

عدالت میں وکیل نے کہا کہ وکلاء نے پولیس مقابلے فوری روکنے کیلئے حکم امتناعی کی درخواست دائر کی ہوئی ہے۔

جسٹس عبہر گل نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ کو پتہ ہے کہ ایک گھنٹے بعد جج نے یا آپ نے زندہ رہنا ہے۔

اس پر درخواست گزار وکیل نے کہا کہ بالکل کسی کو نہیں پتہ لیکن ریکارڈ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو قتل کیا جارہا ہے۔

جسٹس عبہر گل نے ریمارکس دیے کہ میں صرف خدشات کی بنیاد پر کوئی حکم جاری نہیں کرسکتی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آپ مفاد عامہ میں آئے ہیں، جب کوئی متاثرہ فریق آئے گا تو دیکھ لیں گے، باقی فریقین کا بھی جواب آنے دیں اور تینوں عدالتی فیصلے بھی جمع کروا دیں۔

عدالت میں پنجاب حکومت کے وکیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کے پاس متعدد پولیس مقابلوں کی انکوائریز زیرِ التواء ہیں۔

قومی خبریں سے مزید