کراچی کے گل پلازہ میں سی سی ٹی وی کی مدد سے حکام نے آگ کی ٹائم لائن تیار کرلی۔
سی سی ٹی وی کے مطابق پلازہ کی پچھلی طرف 10 بج کر7 منٹ پر آگ لگی اور 10بج کر 12منٹ پر ایمبولنس پہنچنا شروع ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق پلازہ کے ایم اے جناح روڈ والی سائد پر 10بج کر18 منٹ پر آگ نظر آئی۔
گل پلازہ کی آگ کو عمارت کے پچھلے سے اگلے حصے میں پہنچنے میں 11منٹ لگے۔
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ میں دوران آگ اندر موجود لوگوں کی متعدد ویڈیو سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں، ایسی ہی ایک تازی ویڈیو میں بڑی تعداد میں پلازہ کے اندر موجود لوگ باہر نکلنے کا راستہ تلاش کرتے نظر آئے۔
یاد رہے کہ ہفتے کی رات سوا دس بجے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کو 33 گھنٹوں بعد بجھایا گیا تھا، جس کے بعد لاشیں ملنے اور ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے، گل پلازہ کی ایک دکان سے 20 سے 25 افراد کی لاشوں کی باقیات ملی ہیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 60 ہوگئی ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ گل پلازہ کے میزنائن سے لاشیں ملی ہیں، لوگوں نے خود کو بچانے کیلئے کراکری کی دکان میں بند کرلیا تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ان افراد کی آخری موبائل لوکشن بھی اسی جگہ کی آئی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ اطلاع پر تیسرے فلور پر ریسکیو آپریشن وقتی طور پر روکا گیا۔ دکانداروں نے میزنائن فلور پر لوگوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
عمارت سے ملبہ ہٹانے کا کام روک دیا گیا، پہلے لاشیں نکالی جارہی ہیں، سانحہ گل پلازا سے ملنے والی لاشوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔