کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
سرجانی ٹاؤن، ملیر، مشرف کالونی اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔
نارتھ کراچی، شادمان ٹاون، ناگن چورنگی، بفرزون اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے بعد موسم بھی مزید سرد ہوگیا ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور اطراف میں ہلکی بارش جبکہ پی ای سی ایچ ایس اور اطراف میں بوندا باندی ہوئی ہے۔ احسن آباد، گلستان جوہر، ڈالمیا اور اسکیم 33 میں بھی بارش ہوئی ہے۔
ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہری تیز ہوائوں اور بارش کے دوران برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ بارش اور کھڑے پانی میں برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ شہری ٹی وی، انٹر نیٹ کیبلز اور ٹوٹے ہوئے تاروں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور جمعہ سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔