تماشا……
کیا آپ نے بلڈنگ کی تعمیر میں تماشالینڈ کے قوانین کا خیال رکھا ہے؟
میں نے فائل سے سر اٹھا کر مجو سے پوچھا۔
اس نے اطمینان سے نفی میں گردن ہلا دی۔
ہنگامی اخراج کا انتظام ہے؟ میرا اگلا سوال۔
جی نہیں۔اس کی آواز پرسکون تھی۔
کیا آگ بجھانے کے آلات نصب ہیں؟ میرے لہجے میں غصہ تھا۔
نہیں۔مجو کے لہجے میں ٹھہراؤ تھا۔
میں چلایا۔ میں تماشالینڈ میں ایسی بلڈنگ کی اجازت نہیں دے سکتا۔
اجازت کون مانگ رہا ہے سر۔ وہ مسکرایا۔
’’میں تو آپ کو آپ کے فلیٹ کی چابی دینے آیا ہوں۔‘‘
میں نے اسے گھورا، غصے میں چابی اٹھائی،
اور فائل پر دستخط کر دیئے۔