اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی کو لڑائی جھگڑا کرنے کے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی جس کے دوران عدالت سے ایمان مزاری اور ہادی علی کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ایمان مزاری اور ہادی علی کو جوڈیشل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا جس کے بعد ایمان مزاری اور ہادی علی کو 14 روز کےلیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
ایمان مزاری اور ہادی علی کی پیشی کے موقع پر عدالت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، وکلاء اور میڈیا کو عدالت میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔
اس سے قبل آج ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار سے ڈسٹرکٹ کورٹ جا رہے تھے کہ دونوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
دونوں وکلاء اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی وین میں تھے، اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر واجد گیلانی اور منظور ججہ بھی ان کے ہمراہ تھے، جبکہ پولیس اسکواڈ بھی ہائی کورٹ بار کی وین کے پیچھے تھی۔