وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ اب مری کے سفر سے گریز کریں۔
ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ مری میں تمام ہوٹل مکمل طور پر بھر چکے ہیں، گنجائش سے زیادہ گاڑیوں داخل ہوچکی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اب مری میں مزید گاڑیوں کے داخلے کی گنجائش نہیں ہے ،اس لیے سیاحوں سے گزارش ہے اب مری کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مری میں موجود سیاحوں کی حفاظت حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
ذرائع کے مطابق مری میں برف باری کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے متعدد رابطہ سڑکیں برف سے ڈھک گئی ہیں۔
ڈی پی او مری نے سیاحوں کو مری نہ آنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ گاڑیوں میں ہیٹر استعمال کرنے والے آکسیجن کا خاص خیال رکھیں۔
شہر میں مزید گاڑیوں کا داخلہ بند ہے، 5 ہزار سے زائد گاڑیوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دوسری طرف کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے کہا ہے کہ عملہ فیلڈ میں موجود ہے،چٹہ موڑ، باڑیاں، جھیکا گلی، مال روڈ سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مری میں بند رابطہ سڑکوں کو کھولنے کا کام تیزی سےجاری ہے، صورتحال انڈر کنٹرول ہے، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ سیاحوں کی رہنمائی کےلیے موجود ہے۔
عامر خٹک نے مزید کہا کہ سیاحوں سے گزارش ہے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سڑکوں کی صفائی ہورہی ہے، زیادہ تر چھوٹی گاڑیاں پھسل رہی ہیں، اسلام آباد کی جانب ایکسپریس وے خاص طور پر پھسلن کا شکار ہے۔