پاکستان اور صومالیہ کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے صومالیہ کے وزیرِ داخلہ علی یوسف نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور صومالیہ کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوئی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ افریقہ عالمی جغرافیائی سیاست میں ایک اہم خطہ ہے، پاکستان صومالیہ سمیت افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مشترکہ مفادات کے شعبوں میں قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔
اعلامیے کے مطابق صومالیہ کے وزیرِ داخلہ کا یہ دورہ گزشتہ 35 برسوں میں صومالیہ کی جانب سے پاکستان کا پہلا سرکاری دوطرفہ دورہ ہے۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے قانون نافذ کرنے اور فوجداری انصاف کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔