لاہور کے علاقے سبزہ زار میں فارم پر پالتو شیر کے حملے میں زخمی ہونے والا بچہ بازو سے محروم ہوگیا۔
شیر کے حملے میں زخمی ہونے والے بچے کا بازو اسپتال میں کاٹ دیا گیا۔
گنگا رام اسپتال کے ترجمان کے مطابق 8 سالہ بچے کا بازو شیر کے حملے میں بری طرح زخمی ہوگیا تھا، بازو کاٹنے کے بعد اب بچے کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔
پولیس کے مطابق سبزہ زار میں پالتو شیر نے 8 سالہ بچے کو زخمی کردیا تھا، بچہ کھیلتے ہوئے شیروں کے قریب چلا گیا تھا، یہ واقعہ شیروں کے نامناسب پنجرے اور مالکان کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ایک فارم پر پیش آیا، ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور ہی کے علاقے بھیکے وال پنڈ میں گھر پر پالتو شیرنی کے حملے سے 8 سال کی بچی زخمی ہوگئی تھی جس میں بچی کے کان اور گردن پر زخم آئے تھے۔
بعدازاں پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیموں نے شیرنی سمیت غیر قانونی طور پر رکھے گئے 11 شیر برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔
ان ملزمان کے پاس شیروں کو لاہور میں رکھنے کا لائسنس موجود نہیں تھا، ملزمان خطرناک جانوروں کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہیں۔