ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ گل پلازا میں ریکوری اور سرچنگ کا کام آج مکمل کر لیں گے، ملبا اٹھانے کا کام چلتا رہے گا۔
گل پلازا کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کل رات بھی کچھ انسانی باقیات ملی ہیں، جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں، اس وقت تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
دوسری جانب ریسکیو آپریشن کے دوران گل پلازا کی تیسری منزل سے انسانی باقیات ملی ہیں، باقیات ڈی این اے کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 71 لاشیں اور انسانی باقیات اسپتال لائی جاچکی ہیں۔
پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر سُمیّہ طارق کا کہنا ہے کہ 22 جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 لاشیں قابلِ شناخت تھیں جبکہ 15 لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ممکن ہوئی، ایک لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ سے ہوئی۔