• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گل پلازا کی جگہ پر حکومت عمارت بنائے گی: وزیراعلیٰ سندھ

--اسکرین گریب
--اسکرین گریب

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گل پلازا کی جگہ پر حکومت عمارت بنائے گی۔

کورنگی کازوے پل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازا پر بات کروں گا، جان کا ازالہ کوئی نہیں ہے، متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس کی جان گئی اس کے لیے حکومت ایک کروڑ روپے دے گی۔ الزام تراشی کا جواب دیں گے، ہر چیز کو 18ویں ترمیم سے جوڑنا درست نہیں ہے۔کراچی میں سردی زیادہ بڑھ جائے تو کہتے ہیں کہ 18ویں ترمیم سے ہوا۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ 5 لاکھ روپے گل پلازا کے ہر دکاندار کو دیں گے کہ 2 ماہ تک گھر کا کچن چلا سکے، نقصانات کو حکومت سندھ پورا کرے گی، دکانوں میں جو سامان پڑا تھا کراچی چیمبر کی مدد سے اسے پورا کریں گے، میں شکر گزار ہوں کافی لوگ سامنے آئے جنہوں نے اپنی عمارت میں جگہ آفر کی۔

دو ماہ تک ہر دکاندار کو 5 لاکھ روپے دیں گے

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ جب تک گل پلازا بنے، دو ماہ تک 5 لاکھ روپے دیں گے، دو ماہ میں انہیں دکانیں مل جائیں گی تاکہ وہ کاروبار شروع کر دیں، محکمۂ سندھ انویسٹمینٹ کے ذریعے دکانوں کو ایک کروڑ روپیہ دیں گے، جتنی دکانیں تھیں اس سے ایک انچ بھی زیادہ نہیں بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ درج کروا لیا ہے، 80 سے اوپر جانیں ضائع ہوئی ہیں، ذمہ داروں کو سزا ہوگی۔ ہماری اپنی کوتاہیاں ہیں میں مان رہا ہوں، اس واقعے کے بعد دوسرے صوبوں میں بھی کمیٹیاں بن گئی ہیں، ہر بلڈنگ کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں لوگ زیادہ جا رہے ہیں ان پر پہلے کام کریں گے، ان کو ٹارگیٹ دیں گے تاکہ بہتر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ہم سب کو تہیہ کرنا ہے کہ آئندہ اس طرح کا سانحہ دوبارہ نہ ہوں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سروے کے بعد انہیں بتایا جائے گا کہ ایک ہفتے میں کیا کیا لگانا ہے، جس بلڈنگ نے کچھ نہیں کیا اسے سیل کرنا پڑے گا، اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا، تاجر برادری اس پر تعاون کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ سارے صوبوں اور وفاق میں سرویز ہو رہے ہیں، ملک بھر میں کہیں بھی اقدامات تسلی بخش نہیں ہیں، سب سے کہتا ہوں کہ یہ ایک المیہ ہے ایسی باتیں نہ کریں، میں ان باتوں کا جواب نہیں دینا چاہتا ہوں، یہ وقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ انکوائری کمیٹی کو دے، ثبوت چاہے میرے خلاف ہو یا میئر کے خلاف ہو، انکوائری کمیٹی کو دیں، کوئی تعمیری رائے دینا چاہے، تنقید کرے ان کا حق ہے، میں کہتا ہوں کہ سوال کرو مگر آگ نہ لگائیں۔ لوگوں سے درخواست کروں گا یہ وقت نہیں یہ باتیں کرنے کا، میڈیا سے بھی کہوں گا ایسے سوالات نہ کریں کہ جواب دینا پڑے۔

کورنگی کے دوستوں سے وعدہ پورا کرنے آیا ہوں

انہوں نے کہا کہ کورنگی کے دوستوں سے وعدہ پورا کرنے آیا ہوں، بارش ہونے کے بعد شہر دو حصوں میں تقسیم ہو جاتا ہے، آج سے 3 سال پہلے ہم نے یہ وعدہ کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال پہلے اس کا کام شروع ہوا، کچھ ڈیزائن کے مسائل تھے، 6 ارب روپے سے زیادہ اس پر لاگت آئی ہے، انڈس اور ایس آئی یو ٹی سمیت جامعات کے طلباء بھی اس سے مستفید ہوں گے۔

مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ کراچی کا انفرااسٹرکچر بہتر کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، عید کے بعد شاہراہ بھٹو کو ایم 9 تک شروع کر دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید