پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانیٔ پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات سے انکار کی خبر پر وضاحت پیش کر دی۔
ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کرتی رہی، خبر یہ تھی کہ مجھے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی پیشکش کی گئی تھی اور میں نے انکار کر دیا کہ میرے ساتھ کسی فیملی ممبر یا کسی وکیل کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی یہ خبر قطعی طور پر غلط ہے، میں نے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص سے رابطہ کیا تاکہ اس بے بنیاد خبر کی تردید کی جا سکے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ شیخ وقاص نے ناصرف اس کی تردید کی بلکہ خود ٹی وی پر آ کر بھی اس کی وضاحت کی، اس کے باوجود یہی غلط خبر دوبارہ رپورٹ کی جا رہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں ہر منگل کو اڈیالہ جیل جاتا ہوں، وہاں اس وقت تک موجود رہتا ہوں جب تک پولیس مجھے آگے جانے سے نہ روک دے، میں ملاقات کا وقت ختم ہونے پر واپس آ جاتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ میں نے گزشتہ روز بھی یہی طریقہ اختیار کیا، مجھے نہ حکومت اور نہ جیل حکام کی طرف سے بانی سے ملاقات کی پیشکش کی گئی، اس لیے کسی کے ساتھ جانے یا نہ جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی سے متعلق خبریں، بالخصوص ملاقاتوں سے جڑی اطلاعات انتہائی سنجیدہ نوعیت کی ہوتی ہیں، ایسی خبروں کو نام نہاد ذرائع کی بنیاد پر زیرِ بحث لانا غیر ذمے دارانہ عمل ہے۔