وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جب کوئی ملک میں انتشار پھیلانے کی بات کرے تو منع کردو اور کسی کی نہ سنو۔
لاہور میں نوجوانوں کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان آپ کی ماں ہے، آپ لوگوں نے ملک سے غداری نہیں کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کے سفیر ہیں، جب ملک کی بات ہو تو آپ کو بنیان مرصوص کی طرح ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ترجیح ہے، نوجوانوں کو ہنرمند اور تعلیم یافتہ بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور دنیا میں صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پرواز کارڈ کے ذریعے رقوم کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، 50 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو پرواز کارڈ جاری ہوں گے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ عوام کو ریلیف اور سہولت کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 2 لاکھ بچوں کو ٹریننگ دی، غیر ہنرمند ہونے کی بچوں کو بھاری قیمت چکانا پڑتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ٹرانسجینڈر کا کام صرف ہاتھ پھیلانا نہیں ہے، یہ بہت بڑی کمیونٹی ہے، ہمیں ان کا ہاتھ پکڑنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نوجوان ہنر سیکھ کر گھر نہ بیٹھیں، چاہتی ہوں ایسے نوجوان جو زیادہ نہیں پڑھ سکتے وہ پیچھے نہ رہیں، کوئی نوجوان بچہ بچی یہ محسوس نہ کرے کہ وہ بوجھ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جب ملک کی بات آئے تو آپ کے ہاتھ میں پٹرول بم نہیں ہونا چاہیے ، اگر حکومت ماں کی طرح سوچے تو یوتھ کو اپنا ہتھیار بنالے، ماں باپ بچوں کو تعلیم دیتے ہیں، ان کے روزگار کا بندوبست کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، میں نہیں چاہتی کہ بچوں کو طعنہ سننا پڑے کہ مفت کی روٹی توڑتے ہو۔