بھارتی ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے سے قبل طیارے کے پائلٹ کی گفتگو سامنے آگئی۔
طیارے کے حادثے سے قبل کیا ہوا تھا؟ اس حوالے سے بھارتی ایوی ایشن وزارت کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ پائلٹ نے اطلاع دی تھی کہ اسے رن وے نظر نہیں آ رہا۔
بیان میں بتایا گیا کہ اس کے بعد طیارے نے ابتدا میں گو اراؤنڈ (دوبارہ بلندی کی طرف جانا شروع کرنے) کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ آج مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا طیارہ لینڈنگ کے دوران بارامتی، ضلع پونے کے قریب حادثے کا شکار ہوا، اس حادثے میں اجیت پوار سمیت طیارے میں سوار 4 دیگر افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
بھارت کے مرکزی وزیر برائے ایوی ایشن کے رام موہن نائیڈو نے بدھ کو اس حوالے سے بتایا کہ بارامتی ہوائی اڈے کے قریب حد نگاہ کم تھی، جس کے باعث اجیت پوار اور چار دیگر افراد کو لے جانے والا طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایوی ایشن ٹیمیں اس حادثے کی تحقیقات کےلیے پہنچ گئی ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے کی لینڈنگ کی کوشش کے موقع پر حد نگاہ بہت کم تھی۔