• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کے سوجے ٹخنوں کی تصاویر کے بعد سوالات اٹھنے لگے

—تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
—تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران لی گئی تصاویر میں ان کے ٹخنے سوجے ہوئے دکھائی دیے، جس کے بعد عوامی اور طبی حلقوں میں ’ایڈیما‘ (Edema) نامی کیفیت پر بحث شروع ہو گئی۔

 ماضی میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس سوجن کو کرونک وینس انسفشینسی  (CVI) یعنی دائمی کمزوری سے منسوب کیا گیا تھا، ایک ایسی حالت جس میں ٹانگوں سے دل کی طرف خون کی واپسی متاثر ہوتی ہے۔

ایڈیما اُس وقت ہوتا ہے جب جسم کے بافتوں (tissues) میں اضافی رطوبت جمع ہو جائے، چونکہ کششِ ثقل کے باعث سیال مادہ جسم کے نچلے حصوں میں زیادہ جمع ہوتا ہے، اس لیے ٹانگیں اور ٹخنے سوجن کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔

1) دائمی کمزوری (Chronic Venous Insufficiency)

رگوں میں موجود یک طرفہ والوز خون کو دل کی طرف واپس لے جانے میں مدد دیتے ہیں، جب یہ کمزور پڑ جائیں تو خون ٹانگوں میں جمع ہونے لگتا ہے، جس سے رطوبت بافتوں میں رس کر سوجن پیدا کرتی ہے، عمر رسیدہ افراد میں یہ زیادہ دیکھا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ویرکوز وینز بھی ہو سکتی ہیں۔

2) دل، گردوں یا جگر کی بیماریاں

دل کی کمزوری (Congestive Heart Failure): دل مؤثر طریقے سے خون پمپ نہ کر پائے تو رگوں میں دباؤ بڑھتا ہے اور سیال باہر آ کر ٹخنوں میں سوجن پیدا کرتا ہے۔

گردوں کی بیماری: نمک اور پانی کا اخراج کم ہو تو جسم میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔

جگر کی بیماری: البومن پروٹین کی کمی سے سیال خون کی نالیوں سے باہر آ سکتا ہے۔

3) طرزِ زندگی اور دیگر عوامل

زیادہ دیر کھڑے یا بیٹھے رہنا، نمک کا زیادہ استعمال اور بعض ادویات (مثلاً کیلشیئم چینل بلاکرز، کارٹیکو اسٹیرائڈز) اس کی وجہ بن سکتی ہیں۔

ہر سوجن خطرناک نہیں ہوتی، مگر درج ذیل صورتوں میں فوری طبی مشورہ ضروری ہے۔

ایک ہی ٹانگ میں اچانک اور دردناک سوجن، سانس میں تنگی یا سینے میں درد، سوجن کا مسلسل بڑھنا یا پیٹ میں سوجن کے ساتھ ہونا، خاص طور پر عمر رسیدہ افراد میں غیر واضح یا بڑھتی ہوئی سوجن کو صرف ’ظاہری مسئلہ‘ سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید